کشمیر پر اوآئی سی رابطہ گروپ اقوام متحدہ اور عالمی فورمز پر متفقہ موقف برقراررکھیں، اسحاق ڈار 

5

نیویارک،23ستمبر  (اے پی پی): نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ کشمیر پر اوآئی سی رابطہ گروپ اقوام متحدہ اور عالمی فورمز پر متفقہ موقف برقراررکھیں ۔

 نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کشمیر پر اوآئی سی کے رابطہ گروپ کے وزارتی اجلاس سے  خطاب کیا۔

انہوں نے کشمیری عوام کی غیرمتزلزل اور اصولی حمایت پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل،رابطہ گروپ کے اراکین اور او آئی سی کے خصوصی ایلچی اور آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے  بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط کشمیر میں مسلسل سیاسی اور شہری پابندیوں اور آبادی کے تناسب،سیاسی اور ثقافتی حیثیت  کی تبدیلی کی کوششوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور واضح کیا کہ کوئی بھی ملکی قانون سازی،عدالتی فیصلہ،انتخابی عمل یا ڈیموگرافک تبدیلی کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا متبادل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے اوآئی سی رابطہ گروپ پر زوردیا کہ وہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر جموں وکشمیر کے معاملے پر متفقہ موقف برقرار رکھیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی  خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔