اسلام آباد،16ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ کوانٹم ویلی پاکستان کا آغاز پاکستان میں ٹیکنالوجی، جدت اور علم پر مبنی معیشت کی جانب ایک نئے سفر کا آغاز ہے، یہ اقدام نوجوانوں کو عالمی ٹیکنالوجی و جدت کے مراکز سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ اسٹارٹ اپس اور ہائی ٹیک کاروبار کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
کوانٹم ویلی پاکستان ’’شیپنگ پاکستانز انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی فیوچر‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج محض ایک منصوبے کا افتتاح نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کے لیے ایک نئی سمت کے آغاز کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں طاقت کا مرکز محض جسمانی قوت نہیں بلکہ فکری اور تخلیقی صلاحیت ہے، وہ ممالک عالمی معیشت میں آگے بڑھیں گے جو بہترین خیالات کو مصنوعات میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے اور پاکستانی نوجوان صلاحیت اور ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں، ان کی صلاحیتوں کو یکجا کرکے ’’ٹیم پاکستان‘‘ کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوانٹم ویلی پاکستان پاکستانی نوجوانوں کو عالمی ٹیکنالوجی اور جدت کے مراکز سے منسلک کرنے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ایک مربوط ماحولیاتی نظام کی تشکیل میں پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے گا، جس سے اسٹارٹ اپس اور ہائی ٹیک کاروبار کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
تقریب کے دوران ٹیکنالوجی تعاون اور ملک کے جدت کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے دو معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ پہلا معاہدہ کیمبرج انوویشن سینٹر (سی آئی سی) اور کوانٹم ویلی پاکستان جبکہ دوسرا پلگ اینڈ پلے اور کوانٹم ویلی پاکستان کے درمیان طے پایا۔
وفاقی وزیر نے معاہدوں کو پاکستانی نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور جدت، کاروبار اور ہائی ٹیک شعبے کی ترقی کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کی جانب اہم قدم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی اور سفارتی کامیابیوں کو مضبوط اور پائیدار معیشت کی بنیاد فراہم کرنا ضروری ہے۔ حکومت نے پاکستان کو مستقبل میں ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے عزم، جدت اور اجتماعی قومی کاوشیں ناگزیر ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے معاشی خودمختاری کی جانب آگے بڑھنا ہوگا۔ دنیا غیر معمولی رفتار سے ترقی کر رہی ہے اور پاکستان جدید ٹیکنالوجیز کے سفر کو تیز کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرسکتا۔ مکمل معاشی خودمختاری کے حصول کے لیے برآمدات میں اضافہ بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ابھرتے ہوئے شعبوں میں قومی مراکز کے قیام کے ذریعے جامعات کو باہم منسلک کرکے قومی ٹیکنالوجی نیٹ ورک تشکیل دیا گیا، جبکہ اُڑان پاکستان کے تحت ملک کے ٹیکنالوجی کے سفر کو مزید تیز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا یہ ماحولیاتی نظام پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے ہدف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی بڑی آبادی ملک کے لیے وسیع معاشی استعداد رکھتی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک سالانہ خاطر خواہ زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت پیدا کرے۔ پاکستانی نوجوان علم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک کے لیے لاکھوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو صرف روزگار کے متلاشی افراد کے بجائے علم، جدت اور ترقی کے معمار بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ’’شاہینانِ اقبال‘‘ قرار دیتے ہوئے اپنی صلاحیتیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لانے پر زور دیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ کوانٹم ویلی پاکستان عالمی ٹیکنالوجی اور جدت کے منظرنامے میں پاکستان کے مقام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔ پاکستان کو ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانا ہمارا مقصد ہے۔
تقریب میں کیمبرج انوویشن سینٹر کے چیف ایگزیکٹو ٹم رو، سی آئی سی کے پارٹنر ڈوگن شیرووڈ اور پلگ اینڈ پلے کے مینیجنگ پارٹنر سینا امیدی سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔











