جنوبی افریقہ میں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس، بھارتی مندوبین کی مداخلت کی کوشش ناکام، میزبان اسپیکر نے مائیک واپس لے لیا

3

اسلام آباد، 16 ستمبر )اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقہ میں منعقدہ 69ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس سے خطاب کیا۔

ذرائع کے مطابق کانفرنس میں بھارتی مندوبین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اسپیکر ایاز صادق نے کسی ملک کا نام لیے بغیر دریاؤں میں اچانک پانی چھوڑنے اور پانی روکنے جیسے اہم مسائل پر بات کی۔پاکستانی اسپیکر کے خطاب کے دوران بھارتی مندوبین کی جانب سے مداخلت کی کوشش کی گئی۔ بھارتی مندوبین نے اسپیکر سردار ایاز صادق کے خطاب میں خلل ڈالنے کی متعدد کوششیں کیں اور بار بار مائیک حاصل کرنے کے لیے سرگرم نظر آئے۔

بھارتی مندوبین کی جانب سے مائیک کے حصول کی دوڑ سے اجلاس کا ماحول متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔اس صورتحال پر کانفرنس کی میزبان اور جمیکا کی اسپیکر نے براہ راست مداخلت کی۔ انہوں نے بھارتی مندوبین سے مائیک واپس لے لیے اور انہیں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور خاموش رہنے کی ہدایت کی۔

بھارتی مندوبین کے مضحکہ خیز طرز عمل پر بین الاقوامی پارلیمانی شرکاء کی جانب سے قہقہے بھی لگائے گئے۔