کیپٹل ایمرجنسی سروس سی ڈی اے کا  آگ سے بچاؤ کی  موک مشق کا انعقاد

0

اسلام آباد،12ستمبر  (اے پی پی):کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی کیپیٹل ایمرجنسی سروس (سی ای ایس) نے سرینا ہوٹل اسلام آباد میں آگ سے بچاؤ کی جامع موک مشق کا انعقاد کیا۔  موک مشق کا مقصد آگ سے بچاؤ کی تیاریوں کا جائزہ لینا، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار کو جانچنا اور آگ لگنے کی صورت میں ہوٹل میں موجود افراد کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔

 اس مشق کا اہتمام موجودہ آگ سے بچاؤ کے انتظامات کی مؤثریت کا جائزہ لینے اور اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور غیر متوقع واقعات کے دوران خطرات کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مشق کے دوران آگ لگنے کی ہنگامی صورتحال کی عکاسی کرنے کے لیے فائر الارم سسٹم فعال کیا گیا، جس کے بعد ہوٹل میں موجود افراد کو طے شدہ حفاظتی طریقہ کار کے مطابق مخصوص ہنگامی راستوں سے باہر نکالا گیا۔ اس مشق کے ذریعے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والی ٹیموں کے باہمی رابطے، انخلا کے انتظامات کی مؤثریت اور ہوٹل انتظامیہ و افراد کی آگ لگنے کی صورت میں بروقت کارروائی کرنے کی مجموعی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔موک مشق کامیابی سے مکمل ہوئی جس کے نتیجے میں کیپٹل ایمرجنسی سروس ،سی ڈی اے اور سرینا ہوٹل انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور آگ سے بچاؤ و انخلا کے طریقہ کار میں مزید بہتری کے لیے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کرنے کا موقع ملا۔ اس نوعیت کی مشقیں ادارہ جاتی تیاریوں کو مضبوط بنانے، حفاظتی اقدامات کو فروغ دینے اور حقیقی ہنگامی صورتحال کے دوران فوری و مربوط کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

کیپٹل ایمرجنسی سروس ،سی ڈی اے اسلام آباد بھر میں آگ سے بچاؤ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں اور عوامی تحفظ کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ باقاعدگی سے آگ سے بچاؤ کی مشقوں اور آگاہی اقدامات کا انعقاد انسانی جانوں کے تحفظ، املاک کی حفاظت اور سرکاری و نجی اداروں میں مؤثر ہنگامی ردعمل کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات ہیں۔