لاہور 12ستمبر:( اے پی پی ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویریؒ المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کا مزار منفرد روحانی و تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور لاکھوں عقیدت مندوں کے لیے گہری عقیدت و احترام کا مرکز ہے۔ داتا دربار پر پاکستان بھر اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں زائرین حاضری دیتے ہیں، اس لیے زائرین کو بہتر سہولیات، جدید انفراسٹرکچر، محفوظ، آرام دہ اور باوقار ماحول کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز داتا دربار لاہور کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، ایکسین قیصر منیر اور داتا دربار کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں انہوں نے داتا دربار کمپلیکس میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے کے مختلف حصوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے نائب وزیراعظم کو مجموعی ترقیاتی منصوبے، جاری تعمیراتی سرگرمیوں، انفراسٹرکچر کی بہتری اور زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبے میں زائرین کو جدید، معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ داتا دربار کی مذہبی، تاریخی اور ثقافتی اہمیت و شناخت کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ متعلقہ محکمے اور فیلڈ ٹیمیں ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے باہمی رابطے اور تعاون سے کام کر رہی ہیں تاکہ تعمیراتی مراحل کے دوران زائرین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ اوقاف اور متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار کو یقینی بناتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت داتا دربار کے ترقیاتی منصوبے کی کامیاب اور بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔











