سکھر۔10ستمبر (اے پی پی): گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) گمبٹ میں روڈ ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے “جب وقت کم ہو، تو تیاری ہی کامیابی ہے” کے عنوان سے ایک تیز رفتار ٹراما رسپانس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کا بنیادی مقصد ہنگامی حالات میں بروقت، مربوط اور مؤثر علاج کی عملی تربیت فراہم کرنا تھا، جس میں ہنگامی حالات میں فوری رسپانس، ماہرین کی زیر نگرانی عملی تربیت، جدید ٹیکنالوجی، بین الاقوامی پروٹوکول اور مریض کے تحفظ جیسے اہم موضوعات پر سیشنز منعقد کیے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خاص ڈائریکٹر گمس کیپٹن (ر) ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی تھے، جبکہ نامور نیورو سرجن ڈاکٹر رابیل باسط نے خصوصاً شرکت کی۔
ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے ڈاکٹرز، ٹیکنالوجسٹ اور پیرا میڈیکس کی بہترین تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمارا زیادہ تر فوکس دیہی سندھ کے ان طلباء پر ہے جو یہاں لیبارٹری ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گمس کا شمار آج ملک کے بہترین ہسپتالوں میں ہوتا ہے جہاں غریب اور مستحق مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت اور ایمانداری سے تعلیم مکمل کریں کیونکہ مستقبل میں انہی پر قوم کی صحت کی ذمہ داری ہے۔
کورس ڈائریکٹر و سربراہ روبوٹک نیورو اسپائن سرجری ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر پیر اسد عزیز نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ ورکشاپ کا مقصد ایمرجنسی میں ٹراما کے مریضوں سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹرز کے رسپانس کو بہتر بنانا ہے۔ اس ٹریننگ کا سلسلہ 2022 میں سندھ حکومت کے اشتراک سے شروع کیا گیا تھا، جسے اب ڈائریکٹر گمس کی خصوصی ہدایت پر جاری رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طبی عملے کو تربیت دی جا سکے۔
نیورو سرجن ڈاکٹر رابیل باسط نے گمس میں بین الاقوامی معیار کے مطابق قائم کیے گئے تربیتی اسٹیشنز کی تعریف کی اور کہا کہ ایسے ورکشاپس تعلیمی نقطہ نظر سے اہم ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ثابت ہوتے ہیں، جہاں طلبہ کو ماہرین سے براہ راست رہنمائی کا موقع ملتا ہے۔ورکشاپ کے دوران چیسٹ ٹیوب انٹیوبیشن، ڈیفارمیٹی کریکشن، ڈیفیکلٹ ایئر وے ٹریکیوسٹومی، ڈینٹل وائرنگ، اور ایئر وے و ہیلمٹ اسپائن اسٹیبلائزیشن کے مختلف اسٹیشنز پر سرجنز نے گروپس میں تقسیم 40 میڈیکل طلبہ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو تفصیلی عملی تربیت دی۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے فیکلٹی ممبران اور شرکاء میں اسناد (سرٹیفکیٹس) تقسیم کیے۔











