اردن کی ویمن ٹینس ٹیم کی کپتان کی اے پی پی سے گفتگو، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے شاندار انتظامات اور میزبانی کی تعریف کی

19

اسلام آباد، 20اکتوبر ( اے پی پی،): اسلام آباد میں جاری ‘بلی جین کنگ کپ’ کے سلسلے میں اردن کی ویمن ٹینس ٹیم کی کپتان نے ایسوسی ایٹڈپریس آف پاکستان (اے پی پی) سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے شاندار انتظامات اور میزبانی کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ اسلام آباد میں انہیں بے حد محبت اور شاندار مہمان نواز ماحول ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور ٹیم گزشتہ دو دنوں سے کورٹس پر پریکٹس کر رہی ہے۔ کپتان کا مزید کہنا تھا کہ بلی جین کنگ کپ دنیا کا ایک انتہائی معتبر اور بڑا عالمی ٹورنامنٹ ہے جس میں تمام ٹیمیں سخت مسابقتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کویت، قطر و ایران کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات ہیں، اس لیے یہ ہفتہ سخت اور دلچسپ مقابلوں پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر اردن کی بہترین نمائندگی کرے گی اور ملک کی نوجوان خواتین کھلاڑیوں کے لیے ایک متاثر کن مثال بنے گی۔