اسلام آباد، 30 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات اور سرکاری اراضی پر قبضوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کے سلسلے میں اسلام آباد ایکسپریس وے کی گرین بیلٹ پر قائم کھنہ پولیس سٹیشن کی عمارت کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ اس آپریشن کی خود نگرانی کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر بتایا کہ کھنہ پولیس سٹیشن کو عارضی طور پر متبادل مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور تھانے کے لیے نئی قانونی جگہ مختص کر دی گئی ہے جہاں جلد نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے یا فرد کو قبضے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اور اسی پالیسی کے تحت وزارت داخلہ کے اپنے ماتحت اداروں کے قبضے سے بھی اراضی واگزار کرائی جا رہی ہے، جس کی مثال کچھ عرصہ قبل میریٹ کے قریب ایف سی کیمپ آفس کی مسماری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دارالحکومت سے تجاوزات کا 100 فیصد خاتمہ ہمارا ہدف ہے تاکہ اسلام آباد کو ایک خوبصورت، سرسبز اور تجاوزات سے پاک شہر بنایا جا سکے، اور اس مقصد کے لیے بلا تفریق کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گے۔











