اسپیکر ایاز صادق کی یمنی اسپیکر سلطان البرکانی سے ورچوئل ملاقات، خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال

4

اسلام آباد، 26 اکتوبر)اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یمن کی مجلس نمائندگان کے اسپیکر شیخ سلطان البرکانی سے ورچوئل ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب کی مانند ہیں اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مکہ معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یمن کی خودمختاری اور آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پائیدار امن کے لیے مذاکرات، ثالثی اور سفارتی روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے آبنائے باب المندب کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

یمنی اسپیکر شیخ سلطان البرکانی نے کہا کہ یمنی عوام پاکستان کی حمایت پر فخر محسوس کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو کلیدی قرار دیا۔