اڑان پاکستان پروگرام کا مقصد معاشی استحکام کو پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے، احسن اقبال

17

اسلام آباد،29اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو برآمدات پر مبنی مضبوط معیشت میں تبدیل کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ اڑان پاکستان پروگرام کا مقصد معاشی استحکام کو پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے۔

ماہانہ ترقیاتی اپ ڈیٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقامی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے، ہر ضلع کی برآمدی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے اور صوبائی سطح پر برآمدات کے فروغ کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ پاکستان کی معاشی خودمختاری کے لیے برآمدات میں اضافہ اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر منصوبہ بندی اور وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے قومی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ حکومت عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پُرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بااختیار مقامی حکومتوں کا قیام اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ فراہم کرنا مضبوط جمہوری نظام اور مؤثر عوامی خدمت کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کی ترقی، توانائی کے نظام میں بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے معاشی نمو کو تقویت ملے گی۔ کوانٹم ویلی پاکستان جیسے اقدامات ملک میں ٹیکنالوجی، جدت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے، معاشی خودمختاری مستحکم کرنے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔ دانشمندانہ منصوبہ بندی، برآمدات کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔