اسلام آباد، 24 اکتوبر 2026(اے پی پی ):بین الاقوامی شاہراہِ ریشم فیسٹیول 2026 کے دوسرے ایڈیشن کا آج پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA)، اسلام آباد میں شاندار افتتاح ہوا۔ یہ دو روزہ بین الاقوامی فیسٹیول سلک روڈ انٹرپرائزز کے زیرِ اہتمام، پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں تمام صوبائی سیاحتی محکموں، مختلف ممالک کے سفارت خانوں، نجی کاروباری اداروں، سیاحتی تنظیموں اور کاروباری شراکت داروں نے بھرپور شرکت کی۔
فیسٹیول کا مقصد تاریخی شاہراہِ ریشم سے وابستہ ممالک کے درمیان ثقافتی روابط، سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی سفارت کاری اور علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی وزیراعظم کے کوارڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ، ثقافتی سفارت کاری اور علاقائی روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس نوعیت کے بین الاقوامی فیسٹیولز کو پاکستان کے ثقافتی ورثے، قدرتی حسن اور سیاحتی و سرمایہ کاری کے مواقع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے سرکاری و نجی شعبے کے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے بین الاقوامی سیاحت، تجارتی روابط اور عوامی سطح پر دوستی کو فروغ ملتا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی، آفتاب الرحمٰن رانا نے اپنے خطاب میں فیسٹیول کے منتظمین، صوبائی سیاحتی محکموں، سفارت خانوں اور نجی شعبے کے شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تاریخی شاہراہِ ریشم کی ثقافتی، تجارتی اور سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی راستہ صدیوں سے مختلف تہذیبوں اور ممالک کو آپس میں جوڑتا رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ایک پرکشش بین الاقوامی سیاحتی منزل کے طور پر متعارف کرانے کے لیے پی ٹی ڈی سی کے عزم کا اعادہ کیا۔











