جامع ترقی کے لیے پی پی اے ایف کی خدمات اور معاشرے کے کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے کا عزم قابلِ تحسین ہے، وجیہہ قمر

6

اسلام آباد، 13 اکتوبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے غربت کے خاتمے، محروم طبقات کو بااختیار بنانے اور روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کے لیے پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ (پی پی اے ایف) کی کوششوں کو سراہا ۔

پی پی اے ایف کی جانب سے اسلام آباد میں جامع اور مستحکم معاشی خودمختاری و ترقی کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جامع ترقی کے لیے پی پی اے ایف کی خدمات اور معاشرے کے کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے کا عزم قابلِ تحسین ہے۔

وجیہہ قمر نے میڈیا ایکسی لینس ایوارڈز حاصل کرنے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے غربت سے متعلق مسائل کو اجاگر کرنے اور سماجی و معاشی ترقی کی کوششوں کو عوام کے سامنے لانے میں ذمہ دار صحافت کے کردار کو سراہا۔

کانفرنس میں حکومتی رہنماؤں، بین الاقوامی مندوبین، ترقیاتی شراکت داروں اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد غربت کے پائیدار حل تلاش کرنے، روزگار کے مواقع مضبوط بنانے اور کمزور طبقات کو دیرپا معاشی خودمختاری حاصل کرنے میں مدد دینے کے لیے عملی اقدامات پر غور کرنا ہے۔