لاہور 13 اکتوبر ( اے پی پی ) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر کے کنٹری آفیسر کانیکو ناہومی نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس لاہور میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر لبنیٰ نذیر اور ڈائریکٹر فنانس چوہدری زبیر احمد سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران کانیکو ناہومی نے جاپان ڈویلپمنٹ اسکالرشپ 2026 کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس اسکالرشپ پروگرام کا مقصد حکومتِ پاکستان کی انتظامی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور اہل سرکاری افسران کو جاپانی جامعات سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت خواتین سرکاری افسران کو بھی درخواست دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔
اسکالرشپ میں اسلام آباد اور جاپان کے درمیان آنے جانے کا ہوائی ٹکٹ، ماہانہ وظیفہ، متعلقہ جاپانی جامعہ کی مکمل ٹیوشن فیس، دیگر مقررہ الاؤنسز اور رہائش کے انتظامات میں معاونت شامل ہے۔ تدریس کا ذریعہ انگریزی زبان ہوگا۔
اسکالرشپ کی درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر یکم اپریل 2027 تک 25 سے 40 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ امیدوار کے پاس حکومتِ پاکستان یا کسی دوسرے ملک سے تسلیم شدہ بیچلر ڈگری ہونا ضروری ہے۔ عمومی طور پر 16 سالہ رسمی تعلیم درکار ہے، تاہم متعلقہ تعلیمی یا تحقیقی پس منظر اور کام کے تجربے کو متبادل بنیاد کے طور پر بھی زیرِ غور لایا جا سکتا ہے۔
یہ اسکالرشپ وفاقی حکومت پاکستان کے متعلقہ پیشہ ورانہ گروپس کے کیڈر افسران اور وفاقی حکومت کے بی ایس-17 یا اس سے اوپر کے سابقہ کیڈر افسران کے لیے ہے۔ درخواست گزار کے پاس سرکاری ملازمت میں کم از کم تین سال کا تجربہ ہونا ضروری ہے، جس میں سرکاری ملازمت اختیار کرنے کے بعد کل وقتی ملازم کی حیثیت سے گزارا گیا پروبیشن کا عرصہ بھی شامل ہو سکتا ہے۔ جزوقتی ملازمت اور رضاکارانہ سرگرمیوں کو کام کا تجربہ شمار نہیں کیا جائے گا۔ سابقہ کیڈر افسران کی ذمہ داریوں، انتظامی تجربے اور تنظیمی عہدے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
سال 2026 کے پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 16 اسکالرشپ نشستیں دستیاب ہیں، جن میں 11 نشستیں پبلک ایڈمنسٹریشن و فنانس، 3 صنعتی فروغ و سرمایہ کاری کے ماحول، اور 2 توانائی پالیسی و موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے شعبوں کے لیے مختص ہیں۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 نومبر 2026 ہے۔ اہل سرکاری افسران، خصوصاً خواتین، کو اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی گئی۔ مزید معلومات ادارے کی ویب سائٹ سے لی جا سکتی ہیں۔











