خانیوال،04اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور چیئرمین پنجاب سہولت بازار اتھارٹی ملک محمد افضل کھوکھر کی ہدایت پر ضلع خانیوال کی تحصیل جہانیاں اور کبیروالا میں سہولت بازاروں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
سہولت بازاروں اور سہولت آن دی گو کے ذریعے شہریوں کو روزمرہ استعمال کی معیاری اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں سہولت بازاروں اور سہولت آن دی گو کے اسٹالز کی الاٹمنٹ کے لیے شفاف قرعہ اندازی کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں متعلقہ افسران، امیدواروں اور شہریوں نے شرکت کی۔
حکومت پنجاب کے اس اقدام کا مقصد عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانا اور انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔پنجاب کے مختلف تحصیل ہیڈ کوارٹرز، جن میں کبیروالا، جہانیاں، راولپنڈی کے شمس آباد، حیدری چوک، سیالکوٹ اور پسرور شامل ہیں، میں بھی سہولت بازاروں اور سہولت آن دی گو کے ذریعے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











