لاہور، 4 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے تحت پانچ روڈ پراجیکٹس کو پی پی پی موڈ پر منتقل کرنے کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا۔ منصوبوں کی نجی شعبے کو منتقلی سے حکومت پنجاب کو مجموعی طور پر 22 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔پی پی پی اتھارٹی کے تحت مریدکے نارووال 80 کلومیٹر، شکرگڑھ نارووال 33 کلومیٹر، فیصل آباد رنگ روڈ 97 کلومیٹر، فیصل آباد ساہیانوالہ 52 کلومیٹر اور فیصل آباد سمندری رجانہ 56 کلومیٹر طویل سڑکوں کا انتظام و انصرام نجی شعبے کے سپرد کیا گیا ہے۔پی پی پی موڈ پر منتقل ہونے والی سڑکوں پر جدید الیکٹرانک ٹول پلازے قائم کیے جائیں گے۔ نجی کنٹریکٹر سات سال تک این ایچ اے سے منسلک ٹول کلیکشن کے ساتھ متعلقہ سڑکوں کی دیکھ بھال، تعمیر و مرمت کا بھی ذمہ دار ہوگا۔اس موقع پر پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی وائس چیئرپرسن و سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی کے تحت ہسپتالوں، ہاسٹلز، پارکس، سپورٹس گراؤنڈز، ویسٹ ٹو انرجی، پارکنگ پلازوں، سیاحت، واٹر سپلائی، ری سائیکلنگ اور صنعتی زونز میں افلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس سمیت متعدد منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پی پی پی منصوبوں کی پراسیسنگ کا دورانیہ دو سال سے کم کرکے چھ ماہ کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید چار سڑکوں کو بھی پی پی پی موڈ پر منتقل کیا جائے گا۔ ان میں بہاولپور یزمان 42 کلومیٹر، یزمان احمد پور شرقیہ 43 کلومیٹر، رائیونڈ چھانگا مانگا 28 کلومیٹر اور گجومتہ قصور 26 کلومیٹر سڑکیں شامل ہیں۔پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چکوال اور قصور میں واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز، لاہور میں ٹائم ٹریول پارک، بادامی باغ لاری اڈہ میں پارکنگ پلازہ و ملٹی ماڈل کمرشل فسیلٹی اور ساہوکا پتن کے مقام پر دریائے ستلج پر پل کی تعمیر کے منصوبے بھی شامل ہیں۔منصوبوں میں پہلی مرتبہ مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کے لیے ایف ایم ڈی ویکسین پروڈکشن پلانٹ، سبزی و فروٹ منڈیوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے بلیک سولجر فلائی لاروی، 100 سپورٹس گراؤنڈز کی مینجمنٹ اور فیصل آباد میں جدید ٹرک ٹرمینل کا قیام بھی شامل ہے۔اسی طرح پنجاب یونیورسٹی سمیت 28 سرکاری جامعات میں گرلز و بوائز ہاسٹلز، تین میڈیکل کالجز میں ہاسٹلز، ورکنگ ویمن کے لیے صوبے بھر میں 14 ہاسٹلز، ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں نرسنگ ہاسٹل اور فریدیہ پارک ساہیوال کے آپریشن و ڈویلپمنٹ کے منصوبے بھی پی پی پی موڈ کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمشنر کی سربراہی میں ڈویژنل پی پی پی ورکنگ پارٹی 500 ملین روپے تک کے منصوبوں کی منظوری اور ان پر عملدرآمد کرا سکے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد بھرت، سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل، سیکرٹری مواصلات راجہ جہانگیر انور، سی ای او پی پی پی اتھارٹی ڈاکٹر ذیشان حنیف اور دیگر حکام موجود تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا۔











