خیبر پختونخوا اور بلوچستان حکومتوں کا موازنہ ناانصافی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دن رات محنت سے ملک وقار پا رہا ہے: رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ

6

کوئٹہ ، 21 اکتوبر(اے پی پی):بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں کا موازنہ کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ پاکستان اس وقت معاشی اور سفارتی سطح پر اونچی اڑان بھر رہا ہے اور عالمی برادری میں ملک کی ایک نئی اور مثبت پہچان بن رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فرح عظیم شاہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دن رات کی محنت اور وژن کی بدولت پاکستان کو عالمی سطح پر جو مقام ملا ہے، اس کی کاوشوں کو نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے ممالک میں پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف جب دشمن پاکستان کی اس پیش رفت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، تو دوسری طرف ہمارے بزرگ سیاستدانوں کے بیانات انتہائی مایوس کن ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی بصیرت پر کسی کو شک نہیں، لیکن ان کے حالیہ بیانات اس وقت ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ فرح عظیم شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے حالات و چیلنجز مختلف ہیں، لہٰذا دونوں صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کا آپس میں موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔