دوحہ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے اور ملکی برآمدات کے فروغ میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے دوحہ میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور پاکستانی برآمدات میں اضافے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جام کمال خان نے کہا کہ قطر کی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے کاروباری روابط کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستانی برآمد کنندگان اور قطری کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کے فروغ پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کاروباری برادری ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر قطری خریداروں کو پاکستانی مصنوعات سے روشناس کرانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔











