راولپنڈی ، 15 اکتوبر(اے پی پی):راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں پہلی بار منعقد کیے گئے دو روزہ میگا بک فیئر کا آغاز ہوگیا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے بطور مہمانِ خصوصی فیتہ کاٹ کر بک فیئر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف بھی موجود تھیں۔
افتتاح کے بعد کمشنر راولپنڈی اور وائس چانسلر نے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کے ہمراہ مختلف کتابی اسٹالز کا دورہ کیابک فیئر کا انعقاد طالبات میں مطالعے کے رجحان کو فروغ دینے، معیاری کتابوں تک رسائی آسان بنانے اور جامعہ میں علمی و ادبی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
میلے میں مختلف موضوعات پر کتابیں پیش کی گئی ہیں، جن میں موجودہ ایڈیشنز بھی شامل ہیں۔ طالبات نے مختلف اسٹالز پر کتابوں کے موضوعات، مواد اور افادیت کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا.کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے بک فیئر کے انعقاد، کتابوں کے معیاری انتخاب اور مختلف موضوعات پر کتب کی دستیابی کو سراہا۔ انہوں نے کتابوں کے ساتھ طالبات کی موضوعاتی تیاری کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے اس امر کی اہمیت اجاگر کی کہ موجودہ دور میں، جب مطالعے کا رجحان اور مستقل توجہ کا دورانیہ متاثر ہو رہا ہے، نوجوانوں کو دوبارہ کتابوں سے جوڑنا ایک اہم تعلیمی ضرورت ہے۔ معیاری اور جدید ایڈیشنز کی کتابیں اس مقصد کے حصول میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل کے حل کے لئے کتابیں بہترین دوست ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کہا کہ کتابیں محض معلومات کا ذریعہ نہیں بلکہ تنقیدی سوچ، فکری پختگی اور گہری سمجھ بوجھ پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے دور میں طالبات کو جدید ذرائع سے استفادے کے ساتھ مطالعے کی مستقل عادت اپنانے کی بھی ضرورت ہے۔ مسلسل مطالعہ توجہ، ارتکاز اور کسی موضوع کو مختلف زاویوں سے سمجھنے کی صلاحیت کو مضبوط بناتا ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی علمی ماحول کے فروغ کے لیے ایسے عملی اقدامات کے لئے کوشاں ہیں جہاں طالبات کو معیاری کتابوں تک رسائی حاصل ہو اور وہ نصابی ضروریات سے آگے بڑھ کر بھی مطالعہ کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی لائبریری کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ میگا بک فیئر دو روز تک جاری رہے گا، جس کے دوران طالبات، اساتذہ اور دیگر شرکاء کو مختلف موضوعات پر کتابوں سے استفادہ کرنے، نئی اشاعتوں سے واقفیت حاصل کرنے اور مطالعے کے ذریعے اپنے علمی افق کو وسعت دینے کے مواقع میسر آئیں گے۔











