اسلام آباد، 15 اکتوبر (اے پی پی: روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف پاکستان کا 4 روزہ باضابطہ دورہ مکمل کرکے ماسکو روانہ ہو گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نور خان ایئرپورٹ پر روسی ہم منصب کو رخصت کیا۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
روسی وزیر داخلہ نے پاکستان میں بہترین اور شاندار مہمان نوازی پر اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کے عوام اور حکومت سے خلوص اور محبت کا پیغام لے کر واپس جا رہا ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی وزیر داخلہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے ما بین باہمی اور سفارتی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور استوار کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
دورے کے دوران روسی وزیر داخلہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے اہم ترین حصے کے طور پر پاکستان اور روس کے مابین منظم جرائم کے سدباب، سیکیورٹی تعاون اور باہمی رابطہ کاری کو بڑھانے کے لیے ایک اہم معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔
واضح رہے کہ روسی وزیر داخلہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کی بالخصوص دعوت پر پاکستان کا 4 روزہ دورہ کیا تھا۔











