سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں مثبت سوچ، پیشہ ورانہ رویے اور دیانت داری پر تربیتی نشست

4

لاہور، 9 اکتوبر (اے پی پی): سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں ’’مثبت سوچ، پیشہ ورانہ رویہ اور سرکاری خدمت میں دیانت داری‘‘ کے موضوع پر خصوصی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ نے بطور گیسٹ اسپیکر خطاب کیا۔

سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سائرہ عمر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ڈاکٹر لبنیٰ نذیر بھی موجود تھیں۔ پرنسپل سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ زیب وسیم نے معزز مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کیا۔

تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے قاسم علی شاہ نے کہا کہ مؤثر عوامی خدمت کے لیے مثبت سوچ، مضبوط کردار، دیانت داری اور فرائض سے حقیقی وابستگی ضروری ہے۔ سرکاری افسران کا رویہ اداروں کی کارکردگی اور عوام کے سرکاری اداروں پر اعتماد کو براہ راست متاثر کرتا ہے۔

سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ان کے رویے اور کردار کو مضبوط بنانا بھی ضروری ہے۔ افسران فرائض کی انجام دہی میں محنت، میرٹ، دیانت داری، درست فیصلہ سازی اور احساسِ ذمہ داری کو مقدم رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر عوامی فلاح و بہبود سے براہ راست وابستہ ہے، اس لیے افسران اور اہلکاروں کا مثبت رویہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

تربیتی نشست میں محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے مختلف ونگز کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ شرکاء نے نشست کو سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی، پیشہ ورانہ رویوں میں بہتری اور عوامی خدمت کے معیار کو بلند کرنے کے حوالے سے مفید قرار دیا۔