لاہور 9 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز (پی ایچ اے) قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے اور متعلقہ حکام کو موسم کے مطابق پھولدار پودے اگانے کے لیے ماہانہ پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے بھر میں شجرکاری، پارکس کی بحالی، گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور پھولدار پودوں کی افزائش کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پی ایچ اے کے لیے 2,820 تکنیکی آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ ہر ضلع میں منیجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹرز اور تکنیکی عملہ تعینات کیا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 اضلاع میں پی ایچ اے پہلے ہی فعال ہیں، جبکہ مزید 11 اضلاع میں نئی اتھارٹیز قائم کر دی گئی ہیں۔ مزید 20 اضلاع میں پی ایچ اے کے قیام کے لیے جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ دوسرے مرحلے میں پنجاب کی ہر تحصیل میں بھی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز قائم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شجرکاری اور پھولدار پودے لگانے کا دائرہ ہر تحصیل، شہر اور گاؤں تک مرحلہ وار بڑھایا جائے۔ ہر ضلع میں پی ایچ اے کے زیر انتظام ان ہاؤس نرسری قائم کی جائے گی، جہاں سے کم قیمت پر درختوں، پودوں اور موسمی پھولوں کے پودے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہر خالی جگہ پر درخت اور پھولدار پودے لگانے کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور گاؤں کو درختوں اور پودوں سے سجا ہوا اور پھولوں سے مہکتا دیکھنا چاہتی ہیں۔ شجرکاری نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ درخت لگانا کارِ ثواب ہونے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کا ذریعہ بھی ہے۔
اجلاس میں پی ایچ اے فوڈ کورٹ کے ڈیزائن کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ پی ایچ اے کے عملے اور گاڑیوں کی یکساں برانڈنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہر ضلعی پی ایچ اے کا ریسورس پلان طلب کرتے ہوئے افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے کلیدی کارکردگی اشاریے (KPIs) تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں سی کیٹیگری کے تمام پارکس بحال کر دیے گئے ہیں۔ ہر پی ایچ اے کو شہری ماحول بہتر بنانے، پارکس کی خوبصورتی میں اضافے اور گرین بیلٹس کی بحالی کے اہداف دیے گئے ہیں۔ موسم اور سیزن کے مطابق ہر ضلع میں معیاری شجرکاری اور پھولدار پودے لگائے جائیں گے۔
حکام نے بتایا کہ خیابانِ جناح میں بوگن ویلیا، عطا بخش روڈ پر بانس اور دیگر سڑکوں پر املتاس کے درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں میری گولڈ کے تینوں اقسام کے رنگا رنگ پھول اگائے جا رہے ہیں۔ صوبے کے ہر شہر میں یکساں ڈیزائن کے پلانٹرز اور گملے رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اجلاس میں پی ایچ اے کے گھروں میں کام کرنے والے عملے کو دفاتر واپس بلانے کے احکامات جاری کیے جانے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام اتھارٹیز شہری خوبصورتی، شجرکاری اور پارکس کی دیکھ بھال کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ صوبے بھر میں سرسبز ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔











