اسلام آباد،29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، ایف بی آر میں اصلاحات، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور عوام کی قوتِ خرید میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط معیشت کے بغیر دفاعی ضروریات پوری کرنا اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر معاشی مسائل کے حل پر توجہ دینا ہوگی۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو دفاعی ضروریات پوری کرنے، جدید آلات کے حصول اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے مضبوط معیشت درکار ہے ،بدقسمتی سے ایوان میں باہمی اختلافات پر زیادہ بحث ہوتی ہے جبکہ معیشت کی بہتری جیسے اہم معاملے کو مناسب توجہ نہیں دی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی ترقی کی رفتار کا جائزہ لینے اور یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں ہم کہاں کھڑے ہیں، ملک میں غربت اور مہنگائی کی صورتحال تشویشناک ہے جبکہ عوام کی قوتِ خرید متاثر ہوئی ہے، اس لئے پارلیمان میں معاشی مسائل، مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے پر زیادہ بحث ہونی چاہئے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر معیشت کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہئے ،معیشت پر توجہ دیئے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور عوام کے مسائل حل کرنا مشکل ہوگا۔











