سی ڈی اے نے سیکٹر E-12 میں اربوں روپے مالیت کی ایک ہزار کنال سے زائد قیمتی اراضی واگزار کرا لی

1

اسلام آباد، 02 اکتوبر (اے پی پی ): کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اسلام آباد کے سیکٹر E-12 میں چار دہائیوں سے زائد عرصے بعد ایک ہزار کنال سے زائد اربوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی واگزار کرا لی ہے  جس کے بعد  سیکٹر E-12  میں  طویل عرصے سے زیرِ التوا ترقیاتی کامو ں کا تیز رفتاری سے آغاز  کر دیا گیا ہے۔

یہ اہم کامیابی وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی متحرک قیادت اور چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کی مؤثر اور قابلِ قدر نگرانی میں حاصل کی گئی۔ اربوں روپے مالیت کی ایک ہزار کنال سے زائد قیمتی اراضی کی واگزاری سی ڈی اے کے تمام ونگز اور ایم سی آئی، اسلام آباد کی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی مربوط اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے،جنہوں نے سی ڈی اے کے تمام ممبران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، اسلام آباد پولیس اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ قریبی تعاون اور رابطے کے ذریعے اس کارروائی کو کامیاب بنایا۔

سی ڈی اے کے اسٹیٹ، پلاننگ، بلڈنگ، انوائرمنٹ، ایڈمنسٹریشن اور فنانس ونگز ، ایم سی آئی اور انفورسمنٹ ٹیموں کی مربوط کوششوں نے دیرینہ مسائل کے حل اور قیمتی اراضی کی واگزاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ واگزار کرائی گئی ایک ہزار کنال سے زائد اراضی، جس کی مالیت اربوں روپے ہے، ایک اہم قومی اور عوامی اثاثہ ہے۔ اس اراضی کی واگزاری سے سیکٹر E-12 کی منصوبہ بندی کے مطابق ترقی میں حائل ایک بڑی رکاوٹ اب دور ہوگئی ہے اور اب سی ڈی اے منظور شدہ منصوبہ بندی کے تحت سیکٹر کی ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہا ہے۔

اراضی کی کامیاب واگزاری کے بعد سی ڈی اے نے سیکٹر E-12 میں ترقیاتی سرگرمیوں کا کام بھی بھرپور رفتار سے شروع کردیا ہے، جس کا مقصد آنے والے مہینوں میں سیکٹر کی ترقی اور تکمیل کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ سیکٹر میں جدید سڑکوں، بنیادی شہری انفراسٹرکچر اور دیگر ضروری شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی کام جاری ہیں تاکہ مستقبل کے رہائشیوں کو بہتر اور جدید شہری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

شہریوں اور رہائشیوں  نے سی ڈی اے کی طرف سے ایک ہزار کنال سے زائد قیمتی اراضی کی تاریخی واگزاری اور سیکٹر E-12 میں ترقیاتی سرگرمیوں کے آغاز کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے  امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے سیکٹر E-12 جلد دارالحکومت کا ایک جدید، خوبصورت اور مکمل ترقی یافتہ سیکٹر بن کر سامنے آئے گا۔