اسلام آباد، 9 اکتوبر(اے پی پی): اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10/4 میں واقع “چکن بلاسٹر” ریسٹورنٹ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، تاہم سی ڈی اے کی کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔
ایمرجنسی کال موصول ہوتے ہی سی ڈی اے کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ ہو گئیں۔ فائر فائٹنگ ٹیم صرف 12 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ آگ بجھانے کے اس آپریشن میں کل 14 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اس دوران فائر ٹینڈرز (ایف ایس 01 اور ایف ایس 05)، ریسکیو ٹیم اور ایمبولینس نے آپریشن میں بھرپور حصہ ڈالا۔
کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کی اس تیز رفتار اور مؤثر کارروائی کے باعث خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا۔ کسی بھی فرد کو ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
علاقے کے شہریوں کی جانب سے سی ڈی اے کی بروقت کارروائی اور مؤثر اقدامات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کی کیپیٹل ایمرجنسی سروسز شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔
دریں اثنا، ضلعی انتظامیہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام شہری تجارتی و رہائشی مقامات پر آگ سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات (فائر سیفٹی ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد اور قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔











