سرکاری ملازمین کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،اعظم نذیر تارڑ

0

اسلام آباد، 09 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے نوتعینات چیئرمین فیڈرل سروس ٹربیونل (FST) رانا اسد اللہ خان نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران فیڈرل سروس ٹربیونل کے انتظامی ڈھانچے، کارکردگی میں بہتری اور سرکاری ملازمین کی زیر التوا اپیلوں کے جلد و شفاف فیصلوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ایف ایس ٹی میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور ای کورٹس کے دائرہ کار کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور وزارتِ قانون و انصاف ٹربیونل کو ہر ممکن انتظامی و مالی معاونت فراہم کرے گی۔ چیئرمین فیڈرل سروس ٹربیونل رانا اسد اللہ خان نے تعاون پر وزیر قانون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور میرٹ پر فیصلوں کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی،جبکہ مقدمات کی جلد یکسوئی کے لیے ڈیجیٹل اپیل مینجمنٹ سسٹم کو مزید فعال بنایا جائے گا۔