صدر آصف علی زرداری جرمنی کے سرکاری دورے کی تکمیل کے بعد وطن واپس روانہ

7

برلن، 24 اکتوبر ( اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری جرمن صدر کی دعوت پر سرکاری دورے کی تکمیل کے بعد جرمنی سے وطن واپسی کے لیے روانہ  ہو گئے ہیں۔

صدر کو برلن ائرپورٹ سے اعلیٰ جرمن حکام اور سفیرِ پاکستان نے الوداع کیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا دو دہائیوں سے زائد عرصے کے تعطل کے بعد جرمنی کا دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

صدرِ مملکت کا تاریخی دورہ جرمنی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور جرمن صدر کی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں۔اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی اور روابط کو مزید فروغ دینے کی راہیں ہموار ہوں گی۔

جرمنی کی اعلیٰ قیادت کی پرتپاک میزبانی اور صدرِ مملکت کا کامیاب دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کا عکاس ہے۔