صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی بڑی سرمایہ کار کمپنی کے وفدکی ملاقات،چین کے سیج گروپ کا پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان

5

لاہور، 8 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ای وی سیکٹر سے وابستہ چین کی بڑی سرمایہ کار کمپنی سیج  گروپ کے چیئرمین یانگ جو فینگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کی مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے کامرس ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، کری ایٹو گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر میاں سلطان محمود، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر صنعتکار و متعلقہ افسران موجود تھے۔

سیج گروپ کے چیئرمین یانگ جو فینگ نے بتایا کہ ان کے گروپ کا ای وی سیکٹر میں کری ایٹو گروپ پاکستان کے ساتھ جوائنٹ وینچر موجود ہے، جس کے تحت 100 فیصد مقامی سطح پر روزانہ 200 الیکٹرک موٹر بائیکس تیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک موٹر بائیکس کی پیداوار روزانہ ایک ہزار یونٹس تک بڑھائی جائے گی، جس کے لیے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں نیا مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز سیکٹر کا فروغ پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پنجاب میں ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور چینی گروپ کی جانب سے مزید سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو ای وی چارجنگ اسٹیشنز، سپر سیڈرز اور زرعی آلات کی مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین ماحول اور وسیع مواقع موجود ہیں۔