صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کا 26 ویں انٹرنیشنل پولٹری نمائش کا افتتاح، سٹالز کا معائنہ

2

 لاہور، 08 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں 26 ویں انٹرنیشنل پولٹری نمائش کا افتتاح کیا۔نمائش میں پولٹری سیکٹر سے وابستہ مقامی کمپنیوں کے علاوہ 26انٹرنیشنل کمپنیوں نے بھی نمائش میں اپنی مصنوعات کے سٹالز لگا رکھے ہیں۔صوبائی وزیر نے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے ہمراہ سٹالز کا معائنہ کیا۔

صوبائی وزیر نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں کاروباری روابط بڑھانے اور آگاہی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔پولٹری پروٹین کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہے۔حکومت پولٹری کی فیڈ کی قیمتوں میں کمی اور سویا بین کی کاشت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرغی کی فیڈ کی قیمتوں میں کمی ہوگی تو مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔

 انہوں نے کہا کہ امریک،کینڈا اور ارجنٹینا سویا بین کی کاشت میں مہارت رکھتے ہیں ان سے معاونت حاصل کی جائے گی۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بھی سویا بین کے حوالے سے ریسرچ ہورہی ہے۔جدید زراعت کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ اشتراک ہے تاہم چاہتے ہیں کہ جدید زرعی مشینری مقامی سطح پر تیار ہو۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹوں کی قیمتیں بڑھاتی رہیں تاہم موجودہ حکومت نے پلاٹوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے نئی صنعتی پالیسی بھی دی ہے۔سرامکس، شو،کمیل اور دیگر انڈسٹری میں توسیع ہورہی ہے۔پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کے مزید نئے کارخانے تیزی سے لگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو تحفظ ماحولیات کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پاوور لومز کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔صنعت کا پہیہ کسی صورت رکنے نہیں دیں گے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ لانگ مارچ کرنے والے بتائیں کہ انہوں نے گزشتہ 14سالوں میں اپنے صوبے کے عوام کی ترقی کیلئے کیا کیا ہے۔

پاکستان لازوال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے اسکی ترقی کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔پاکستان اس وقت لانگ مارچ اور احتجاج کی سیاست کا کسی صورت متحمل نہیں ہو سکتا۔مذاکرات ہی تمام مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔لانگ مارچ اور احتجاج کی سیاست کرنے والے ملک وقوم پر رحم کریں پاکستان کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔