لودھراں ،7 اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلع لودھراں میں ڈینگی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، اور بدلتے موسم کے دوران ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے سنجیدہ اور عملی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ تین ماہ ڈینگی کے پھیلاؤ کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں، اس لیے انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی لودھراں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران پازیٹو سائٹس کی سرویلنس، ڈینگی مریضوں کے علاج معالجے، صفائی و ستھرائی، لاروا اور مچھروں کے تدارک سمیت انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہدایت کی کہ ہر محکمہ اپنی سطح پر انسدادِ ڈینگی کے لیے مؤثر انتظامات کرے اور فیلڈ میں ایسی عملی سرگرمیاں نظر آنی چاہئیں جن سے ڈینگی لاروا اور مچھروں کی افزائش کا سدِ باب ممکن ہو سکے۔ انہوں نے تعلیمی اور نجی اداروں میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی سیمینارز منعقد کرنے کی بھی سخت ہدایت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں نہ کرنے والے اداروں کو باقاعدہ وضاحتی نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ڈینگی سرگرمیوں میں مطلوبہ پیشرفت نہ ہونے پر محکمہ ایکسائز، پی ایچ ایف اور میونسپل کمیٹی کہروڑ پکا کے متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انسدادِ ڈینگی انفورسمنٹ سرگرمیوں کے تحت اب تک 184 ذمہ دار افراد کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ڈینگی کے 3 تصدیق شدہ (کنفرم) کیسز کے مریضوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔ مزید بتایا گیا کہ انسدادِ ڈینگی سے متعلق موصول ہونے والی 36 شکایات کا مکمل ازالہ کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں ڈاکٹر عمر اقبال، ڈاکٹر راشد، ڈاکٹر قربان حسین سمیت تمام متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔











