اسلام آباد، 21 اکتوبر(اے پی پی): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان بدھ کو یہاں ملاقات ہوئی ۔
نائب وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو گرم جوشی سے سلام اور نیک خواہشات پیش کیں، انہوں نے صدر اور ان کے وفد کا پاکستان میں گرمجوشی سے استقبال کیا۔
مالدیپ کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے عزم کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔نائب وزیراعظم نے مالدیپ۔پاکستان بزنس فورم میں مالدیب کاروباری وفد کی شرکت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں سے ٹھوس تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔
صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ان اور ان کے وفد کے لیے کیے گئے گرم جوش استقبال اور مہمان نوازی کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو گہرا کرنے اور باہمی فائدہ مند تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کی مالدیپ کی خواہش کا اظہار کیا۔











