لاہور،16اکتوبر ( اے پی پی ): سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخ سے روشناس کرانا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ تاریخی ورثے، مزاراتِ اولیائے کرام اور مذہبی و ثقافتی مقامات کے تحفظ و بحالی، نیز ان کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومتِ پنجاب اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، اسلامی تہذیب، صوفیائے کرام کی تعلیمات اور برصغیر میں اسلام کے فروغ کے لیے بزرگانِ دین کی گراں قدر خدمات سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ نوجوان اپنے شاندار تاریخی و روحانی ورثے سے واقف ہو کر اس کے تحفظ، ترویج اور ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربیت و انتظامی تحقیق (TMR) ونگ، سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ سندھ کے زیرِ اہتمام فرسٹ کامن ٹریننگ پروگرام (1st CTP) کے زیرِ تربیت افسران کے قومی مطالعاتی دورے کے موقع پر کیا۔ وفد نے لاہور کے تاریخی و ثقافتی مقامات، جن میں مزارِ اقبال، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ شامل ہیں، سمیت اہم قومی ورثے کا دورہ کیا۔ چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے وفد کا استقبال کیا اور تاریخی مقامات کی مذہبی، قومی، علمی اور ثقافتی اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران زیرِ تربیت افسران، فیکلٹی ممبران اور متعلقہ حکام نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی قومی، فکری اور ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار، نظریات اور فلسفہ خودی آج بھی پاکستانی قوم، بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی فکر کو سمجھنا قومی شعور کی آبیاری کے لیے نہایت اہم ہے۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے وفد کو اسلامی گیلری اور اقبال ہال کا دورہ بھی کروایا اور وہاں موجود علمی و ادبی ذخیرے، اسلامی فنِ تعمیر اور تاریخی اہمیت کے حامل مواد کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ قومی مطالعاتی دورے سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ ان کی تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی آگاہی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسے مواقع افسران کو قومی شخصیات کی خدمات، اسلامی فنِ تعمیر اور تاریخی مقامات کے تحفظ کی اہمیت کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مزاراتِ اولیائے کرام ہماری روحانی، مذہبی اور تہذیبی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ صوفیائے کرام نے اپنی تعلیمات، کردار، محبت، رواداری، اخوت اور انسانیت کی خدمت کے ذریعے برصغیر میں اسلام کا پیغام عام کیا۔ ان کے تاریخی ورثے کا تحفظ اور ان کی تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حکومتِ پنجاب اس ورثے کو محفوظ بنانے، تاریخی مقامات کو بہتر انداز میں متعارف کرانے اور عوام، بالخصوص نوجوانوں میں ان کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
قومی مطالعاتی دورے کے دوران وفد نے بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ، مینارِ پاکستان، حضوری باغ بارہ دری اور نیشنل ہسٹری میوزیم کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ یہ دورہ سول سروسز اکیڈمی، والٹن کیمپس، اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (WCLA) کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد زیرِ تربیت افسران کو پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور قومی ورثے سے روشناس کرانا تھا۔وفد نے محکمہ اوقاف پنجاب خصوصا ڈاکٹر احسان بھٹہ اور متعلقہ انتظامیہ کا بہترین انتظامات، معلوماتی بریفنگ اور پْرخلوص مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔











