نیشنل ملٹی ڈائمینشنل پاورٹی انڈیکس مؤثر ترقیاتی منصوبہ بندی اور عوامی فلاح کے لیے اہم سنگ میل ہوگا، احسن اقبال

2

اسلام آباد، 27 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا بنیادی مقصد عوام کو تعلیم، صحت، باعزت روزگار اور بہتر معیار زندگی کے مواقع فراہم کرنا اور ملک میں جامع و پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔

وہ نیشنل ملٹی ڈائمینشنل پاورٹی انڈیکس کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی مکالمے سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں آکسفورڈ پاورٹی اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے وفد نے شرکت کی، جس کی قیادت پروفیسر سبینا الکائر نے کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غربت میں پائیدار کمی کے لیے معاشی ترقی، انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، سیاسی استحکام اور مستقل قومی پالیسیوں کا تسلسل بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ حکومت کی توجہ ایسے ترقیاتی اقدامات پر مرکوز ہے جو عوام کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور معاشی ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانے میں معاون ہوں۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ وژن 2025 کے تحت جامع معاشی ترقی، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور انسانی ترقی کو قومی ترجیحات میں مرکزی حیثیت دی گئی۔ ان اقدامات کے نتیجے میں غربت میں کمی کے حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی سرمایہ کاری ملکی معاشی ترقی، انسانی صلاحیتوں میں اضافے اور عوام کے لیے بہتر مواقع کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ حکومت ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی سہولیات کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ملٹی ڈائمینشنل پاورٹی انڈیکس غربت کے مختلف پہلوؤں، خصوصاً تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات تک رسائی کا جامع جائزہ لینے میں مدد دے گا۔ اس کے ذریعے ترقیاتی ضروریات کی بہتر نشاندہی، وسائل کے مؤثر استعمال اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دیا جا سکے گا۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ غربت میں پائیدار کمی اور انسانی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے سرکاری اداروں، تحقیقی ماہرین اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیشنل ملٹی ڈائمینشنل پاورٹی انڈیکس پاکستان میں جامع ترقی، سماجی خوشحالی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔