وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات

1

اسلام آباد : 27 اکتوبر، ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں جماعت اسلامی کے رہنماء لیاقت بلوچ  سید فراست شاہ, نصر اللہ رندھاوا  اور عنایت اللہ شامل تھے۔

وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے مزاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا ۔جماعت اسلامی کے وفد نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کے ریلیف کیلئے اپنے موقف کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے۔

 حالیہ علاقائی صورتحال کی تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کم آمدن والے طبقے کو سہولت دینے کے لئے حکومت کی جانب سے دی گئی پیٹرولیم مصنوعات میں  ریلیف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت علاقائی بحران کے حل کے لئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے تاکہ صورتحال معمول پہ آ سکے۔

 موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے۔ تاہم  مالی استطاعت  کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔وزیراعظم نے وفد کو کم آمدن طبقے کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں حکومت کی جانب سے اب تک فراہم کی گئی ریلیف کی تفصیل سے آگاہ کیا اور مطلع کیا کہ اب تک ایک کروڑ ستائس لاکھ افراد اس سکیم میں رجسٹر ہو چکے ہیں۔

 ملاقات میں اتفاق ہوا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین اراکین پر مشتمل کمیٹی مندرجہ ذیل اقدامات پر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

  1. عوام کیلئے پٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق عوام اس سے فائدہ اٹھا سکیں ۔
  2. پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کیلئے بجٹ کے لئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں۔

وزیراعظم نے حکومت کی طرف سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور مشیر وزیر اعظم رانا ثناءاللہ کو نامزد کیا ۔