اسلام آباد،8اکتوبر (اے پی پی): بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے آج وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے ہمراہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔
وزیراعظم نے بحرینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور بحرین کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی روابط پر قائم ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بحرین کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی نے بحرین کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے بحرین کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور رابطہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بحرین کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جو پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔











