وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان صنعتی ترقی،جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور برآمدات پر مبنی مضبوط صنعتی معیشت کے قیام کے لیے اقدامات کر رہا ہے،ہارون اختر خان

3

اسلام آباد، 19 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان صنعتی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور برآمدات پر مبنی مضبوط صنعتی معیشت کے قیام کے لیے اقدامات کر رہا ہے، اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے صنعتی ترقی کے ادارے (یونیڈو) کے ساتھ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یونیڈو کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صنعتی ترقی، باہمی تعاون، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، مسابقت، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن پاکستان کو برآمدات پر مبنی مضبوط صنعتی معیشت بنانا ہے۔ پاکستان کی نوجوان آبادی ایک اہم قوت ہے اور صنعتی ترقی کے ذریعے اس صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی صنعتی پالیسی تشکیل دی گئی ہے،جس کا مقصد صنعتی شعبے کو ترقی دینا اور ملکی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی اور زرعی شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں،جبکہ درآمدات کے متبادل مقامی مصنوعات کی تیاری اور برآمدات میں اضافے کے ذریعے معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے قدرتی وسائل،قیمتی پتھروں اور دیگر مقامی خام مال کو صنعتی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مشیر صنعت و پیداوار نے کہا کہ پاکستان میں زیتون کے تیل سے لے کر قیمتی پتھروں تک مختلف شعبوں میں صنعتوں کو وسعت دینے کے مواقع موجود ہیں۔ اسی طرح الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں پیش رفت جاری ہے اورنئی توانائی کی گاڑیوں کی پالیسی متعارف کرائی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے ساتھ چارجنگ اسٹیشنز کے قیام اور مقامی سطح پر بیٹریوں کی تیاری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سولر پالیسی اور سولر پینلز کے فروغ سے دیہی علاقوں اور زرعی شعبے میں متبادل توانائی کے استعمال کو تقویت ملی ہے،جبکہ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم پالیسی کے ذریعے مقامی مینوفیکچرنگ اور توانائی کے شعبے میں مزید ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان عالمی تعاون، امن اور بین الاقوامی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔ یونیڈو کے ساتھ صنعتی ترقی، توانائی، موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت، جدید ٹیکنالوجی اور مقامی پیداوار کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

یونیڈو کے وفد نے کہا کہ رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات، مہارت اور تکنیکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وفد نے قابل تجدید اورشمسی توانائی، صنعتی ویلیو چین کی ترقی اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔

وفد نے کہا کہ یونیڈو پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے تعاون کر سکتا ہے۔ مشترکہ صنعتی منصوبوں کے ذریعے پیداواری صلاحیت میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔