وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کی مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان سے ملاقات، غیر قانونی امیگریشن و انسانی اسمگلنگ روکنے پر اتفاق

8

دوحہ، 21 اکتوبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے گلوبل سیکیورٹی فورم کی سائیڈ لائنز پر مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان سے اہم ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو کی۔

اس موقع پر وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوست ممالک کے ساتھ سیکیورٹی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان مالدیپ کے ساتھ داخلی سلامتی اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی روابط اور تعاون کا فروغ ضروری ہے۔

وزیر مملکت نے مالدیپ کے وزیر داخلہ کو وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں سے درپیش چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کر سکتے ہیں۔

ملاقات میں سپیشل سیکرٹری داخلہ محمد شعیب اکبر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔