وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے سی ای او ایگزم بینک شہباز ایچ سید کی ملاقات

6

اسلام آباد، 09 اکتوبر (اے پی پی) : وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے سی ای او ایگزم (EXIM)

بینک شہباز ایچ سید نے ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان کے برآمدکنندگان کے لیے قرض اور انشورنس کی سہولتیں بڑھانے، بالخصوص چھوٹے اور نئے ایکسپورٹرز کی مالی سہولتوں تک رسائی آسان بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ اگر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بروقت سرمایہ اور مناسب رہنمائی ملے تو وہ عالمی منڈیوں میں نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں،جبکہ بیرونی خریداروں کی جانب سے عدم ادائیگی سے تحفظ ملنے پر مقامی برآمدکنندگان کا اعتماد بحال ہوگا۔ اس موقع پر سی ای او ایگزم بینک شہباز ایچ سید نےبتایا کہ بینک کی ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس غیر ملکی خریداروں کی عدم ادائیگی کے خطرے سے تحفظ فراہم کرتی ہے اور مخصوص شرائط کے تحت 90 فیصد تک نقصان کا ازالہ ممکن ہے،جبکہ یہ سہولت پہلی بار برآمد کرنے والوں کے لیے بھی دستیاب ہے۔

ملاقات میں موجود سیکریٹری تجارت جواد پال نے تجویز دی کہ انشورنس کو بینک قرضوں سے جوڑا جائے اور کمرشل بینکوں کے تعاون سے سرمائے تک رسائی بہتر بنائی جائے،جبکہ وزیرِ تجارت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی تجارتی افسران اور ایگزم بینک کو باہمی اشتراک سے برآمد کنندگان،بالخصوص فوڈ اینڈ ایگری سیکٹر کے تاجروں کو مکمل رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ ملکی برآمدات میں تیز تر اضافہ ممکن ہو سکے۔