اسلام آباد،9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کی صلاحیت، علم اور محنت سے وابستہ ہے، طلبہ کو مستقبل کے حوالے سے اہم سوالات اور فیصلوں کا سامنا ہوتا ہے جن میں شعبے کا انتخاب اور بدلتے ہوئے پیشہ وارانہ تقاضوں کے مطابق تیاری شامل ہے، عملی تجربہ، پیشہ وارانہ رہنمائی اور سرپرستی نوجوانوں کو بہتر فیصلے کرنے اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےپاکستان امریکن شکاگو لینڈ چیمبر آف کامرس (پی اے سی سی سی) کے زیرِ اہتمام ایوارڈز اور اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ میں ایوارڈز اور اسناد تقسیم کیں اور نوجوانوں کے مستقبل کی پیشہ وارانہ تیاری میں رہنمائی اور سرپرستی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہو ں نے پی اے سی سی سی کی قیادت کا دعوت پر شکریہ ادا کیا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی اور نوجوانوں کو تجربہ کار ماہرین سے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ جب تجربہ کار افراد اپنا علم، مشکلات سے سیکھے گئے اسباق اور تجربات نوجوانوں کے ساتھ بانٹتے ہیں تو یہ رہنمائی ان کے لئے خاص طور پر مفید ثابت ہوتی ہے، اس سے نوجوان واضح اہداف مقرر کر سکتے ہیں، متعلقہ مہارتیں حاصل کر سکتے ہیں اور زیادہ اعتماد اور مقصدیت کے ساتھ اپنے پیشہ وارانہ سفر کا آغاز کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیمی، پیشہ وارانہ اور کاروباری روابط مضبوط بنانے میں پاکستانی نژاد امریکی برادری کے کردار کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے قریبی روابط نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے اور علم و تجربے کے تبادلے کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علم حاصل کرنے کا جذبہ برقرار رکھیں، سوالات کریں، رہنمائی حاصل کریں اور اپنے لئے واضح اہداف مقرر کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
وفاقی وزیر نے ایوارڈز اور اسناد حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور نوجوانوں کی ترقی میں ان کے خاندانوں، رہنماؤں اور پی اے سی سی سی کی معاونت کو سراہا۔











