سیول، 21 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے عالمی اے آئی اینڈ ڈیجیٹل سمٹ 2026 کے موقع پر ورلڈ بینک کے زیر اہتمام پینل ڈسکشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ، جدید سرکاری خدمات کی فراہمی اور مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔
ڈی پی آئی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈیجیٹل سرکاری خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانا کے عنوان سے منعقدہ پینل ڈسکشن میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کی ترقی کے ذریعے عوامی خدمات کو مزید آسان، مؤثر اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے ڈیجیٹل شناخت، جدید ادائیگیوں کے نظام، اداروں کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ کاری اور ڈیٹا کے مؤثر انتظام کو جدید ڈیجیٹل نظام کی ترقی کے اہم شعبے قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے عالمی شراکت داروں کے تعاون سے مختلف اقدامات آگے بڑھا رہا ہے، جن کا مقصد سرکاری خدمات کی فراہمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور شہریوں کے لیے سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت مصنوعی ذہانت کے شعبے میں قومی استعداد بڑھانے اور مقامی ضروریات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا فروغ پاکستان میں جدت، تحقیق اور ڈیجیٹل معیشت کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے ڈیجیٹل ترقی کے لیے تعاون پر ورلڈ بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی خدمات کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔











