وفاقی وزیر احد چیمہ کی زیرِ صدارت تعمیراتی شعبے میں اصلاحات و ادارہ جاتی ڈھانچے کی بہتری سے متعلق اجلاس

10

اسلام آباد، 28 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت تعمیراتی شعبے میں اصلاحات اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی بہتری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعمیراتی صنعت کے فروغ، منصوبوں پر عمل درآمد بہتر بنانے اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نے مجوزہ اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر احد چیمہ نے مجوزہ اصلاحات پر مزید مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے ایک یا دو الگ اداروں کے قیام کی تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے، جن میں ایک ادارہ ریگولیٹری امور جبکہ دوسرا شعبے کی ترقی کے لیے کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کو مضبوط بنانے اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ساتھ نئے ادارے کے قیام کے حوالے سے مشاورت بھی مکمل کی جائے گی۔

اجلاس میں منصوبوں کی نگرانی، معیار کو بہتر بنانے اور تنازعات کی روک تھام کے لیے ڈسپیوٹ اوائڈنس/ایڈجوڈیکیشن بورڈ کے طریقہ کار پر عمل درآمد، منصوبوں کی لاگت کے تعین اور ڈیفیکٹ لائبلٹی پیریڈ سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ٹھیکیداروں کی ضمانتی رقوم منافع بخش کھاتوں میں رکھنے اور مقررہ مدت کے بعد اصل رقم بمعہ منافع واپس کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کے آئندہ فریم ورک میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف کنسلٹنگ انجینئرز کے قواعد و معیارات سے رہنمائی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے بڑے منصوبوں کے لیے ڈیفیکٹ لائبلٹی پیریڈ میں اضافے اور اس اقدام کو مرحلہ وار چھوٹے منصوبوں تک توسیع دینے سے متعلق امور پر بھی کام کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) محمد محمود، ایم ڈی پیپرا، پلاننگ کمیشن اور کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان  کے حکام نے شرکت کی۔