پنجاب میں پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا مشن، 20 افسران 2 ہفتے کے تربیتی دورے پر امریکہ جائیں گے

6

لاہور، 15 اکتوبر ( اے پی پی ) : پنجاب میں پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس اور پریزن کے 20 افسران تربیتی دورے پر امریکہ جائیں گے۔ امریکہ میں تربیت کیلئے منتخب افسران نے محکمہ داخلہ میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی اور امریکہ میں تربیتی پروگرام کیلئے کی گئی تیاریوں بارے بریفنگ دی۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی پریزن میاں سالک جلال، سابقہ ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال، سینئر سائیکالوجسٹ پریزن سعدیہ ظفر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ “ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام” امریکی ریاست ورجینیا میں ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کے اشتراک سے منعقد ہو گا۔ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے اور تربیتی پروگرام کیلئے حکومتِ پنجاب پر کوئی مالی بوجھ نہیں آئے گا۔ امریکی تربیتی دورہ 24 اکتوبر سے 8 نومبر تک جاری رہے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ امریکہ میں رواں سال جدید تربیت کیلئے یہ پروبیشن اینڈ پیرول افسران کا دوسرا وفد ہے۔ دوران تربیت الیکٹرانک مانیٹرنگ، جی پی ایس نگرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی اوفنڈر مینجمنٹ نظام کا جائزہ لیا جائے گا۔ افسران کو ہائی رسک مجرمان اور گینگز سے وابستہ افراد کی نگرانی کے طریقہ کار پر خصوصی تربیت دی جائے گی۔ پروگرام کے دوران “بحالی، اصلاح اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت” کے بنیادی فلسفے کو اجاگر کیا جائے گا۔ خصوصی تربیت میں شواہد پر مبنی پروبیشن اینڈ پیرول نگرانی کے جدید طریقہ کار بارے آگاہی دی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کی قیادت نے اس سے قبل بھی پنجاب کے اصلاحات پر مبنی اور ترقی پسند ماڈل کو سراہا تھا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے افسران سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام پنجاب میں ہائی رسک مجرمان کے انتظام اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگا۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ امریکہ جانے والے افسران صرف ٹرینی نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر ہوں گے جو اپنی محنت و قابلیت سے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ تمام افسران کو امریکہ روانگی سے قبل ابتدائی تربیت کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تربیت یافتہ افسران کو مختلف اضلاع میں سپروائزری ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی دورے سے پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول کے اوفنڈر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔