خانیوال ،14اکتوبر(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لاہور میں منعقدہ “پاک چائنا فرینڈشپ گیمز 2026” میں ملتان ڈویژن کی نمائندگی کرنے والے ضلع خانیوال کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف کھیلوں میں 1 گولڈ، 3 سلور اور 4 برونز میڈلز حاصل کر کے ضلع کا نام روشن کر دیا ہے۔
اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں ڈپٹی کمشنر خانیوال حنا ارشد اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ڈی سی آفس میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے 11 ایتھلیٹس، کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کو مدعو کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان میں تعریفی اسناد و جوائز تقسیم کیے۔
اس موقع پر نیزہ بازی (ٹینٹ پیکنگ) میں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والے قومی کھلاڑی صغیر مظہر زرگر کو بھی ان کی نمایاں کامیابی پر خصوصی انعام سے نوازا گیا۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خانیوال محمد حفیظ اور ڈسکس تھرو میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ایتھلیٹ امن فاطمہ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی یہ پذیرائی ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ مستقبل میں بھی قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے سخت محنت جاری رکھیں گے۔
ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضلع خانیوال کا ٹیلنٹ کسی سے کم نہیں ہے اور حکومتِ پنجاب کھیلوں کے فروغ اور جوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تمام تر وسائل فراہم کر رہی ہے۔











