اسلام آباد، 20 اکتوبر (اے پی پی): پمز اسپتال کے انتظامی، طبی اور گورننس نظام میں بہتری کے لیے وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اصلاحات پر پیش رفت اور مجوزہ قانونی و انتظامی فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی سیکرٹری صحت مومن علی آغا، میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر تنویر خالق اور جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) عظمت محمود نے شرکت کی۔
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سید طارق رفیع، جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت اور جوائنٹ سیکرٹری ہسپتال بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
کمیٹی کی سفارشات کے مطابق پمز اسپتال بورڈ آف گورنرز کے تحت کام کرے گا، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی مارکیٹ سے کی جائے گی۔ بورڈ آف گورنرز کے ارکان کی مدت تین سال مقرر کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔
وزیراعظم کی اصولی منظوری کے بعد پمز کے گورننس فریم ورک کے لیے قانونی مسودہ تیار کیا جائے گا تاکہ مجوزہ اصلاحات کو عملی شکل دی جا سکے۔











