اسلام آباد، 22 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم یوتھ پروگرام اور امریکی ادارے پی آر جی کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں باعزت و پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل بلنگ اور ہیلتھ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدید تربیت کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا تاکہ وہ صحت کی خدمات کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاک امریکہ تعاون سے صحت کے شعبے میں پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے نئے امکانات پیدا ہوں گے، جبکہ پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون کو مؤثر بنانے کے لیے رابطہ کاری اور نگرانی کا مناسب نظام تشکیل دیا جائے گا۔











