اسلام آباد،08اکتوبر(اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا مقصد شہریوں کے لیے موثر اور باسہولت خدمات کو یقینی بنانا ہے،مستحق طبقے کے لیے فیول سبسڈی سکیم پر کامیاب عملدرآمد میں اداروں کے مابین اعداد و شمار کی شراکت نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت قومی سطح کا مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہری سہولیات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے زیر صدارت پاکستان ڈیجیٹل نیشن پروگرام کے تحت وفاقی وزارتوں کی کارکردگی،متعلقہ اعداد و شمار کی ڈیجیٹائزیشن پر پیش رفت جائزہ اجلاس میں کیا۔ مختلف وفاقی وزارتوں نے اپنی عوامی خدمات، کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزارت صحت سے متعلقہ اعداد و شمار کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی اور ادویات کی معیاری تصدیق میں ڈیجیٹائزیشن کےاستعمال پرخصوصی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی وزارتیں متعلقہ اعداد و شمار کی قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہمی کے لیے بروقت ضروری اقدامات مکمل کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت قومی سطح کا مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہری سہولیات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا،وفاقی وزارتوں کی ذمہ داریاں کارکردگی اور متعلقہ ڈیٹا کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی حکومتی نظام کو عصر حاضر سے ہم آہنگ کرے گا،ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا مقصد درحقیقت قومی سطح پر شہریوں کے لیے موثر اور باسہولت خدمات کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی سطح پر تمام شعبوں اور حکومتی اداروں کے کارآمد ڈیٹا کی ایک جگہ فراہمی ملکی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہے،مستحق طبقے کے لیے فیول سبسڈی سکیم پر کامیاب عمل درآمد میں اداروں کے مابین اعداد و شمار کی شراکت نے کلیدی کردار ادا کیا،وزارتوں کی کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی ڈیجیٹائزیشن دراصل کرپشن اور ادارہ جاتی بدنظمی کے سد باب کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے،قومی سطح پر صوبائی حکومتوں کے تعاون سے یونیورسل میڈیکل ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے وزارت صحت کی جانب سے قابل تعریف اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیو آر کوڈ کا نفاذ لائق تحسین ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی تمام متعلقہ وزارتوں کے بھرپور تعاون کے ساتھ متعلقہ شعبہ جاتی ڈیجیٹائزیشن پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے،عوام کی سہولت کے پیش نظر بنیادی سہولت کے شعبوں بالخصوص صحت، زراعت اور دیگر وزارتوں میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت قانون کے تعاون سے متعلقہ قومی قوانین کی ایک جگہ فراہمی کے لیے خصوصی اور موثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ مستقبل میں قانون سازی کے لیے بہتر رہنمائی مل سکے۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ترجیحاتی سیکٹرز کی ڈیجیٹائزیشن پر کام جاری ہے اور ڈیجیٹل حکومتی خدمات، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل عوامی سہولت جیسے مقاصد کی تکمیل کے لئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے متعلقہ ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کرنے کے عمل کومعینہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیرقومی صحت سید مصطفی کمال، , وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔











