کے پی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، عوام کو مشکلات میں چھوڑ کر لانگ مارچ کی تیاریاں کی جا رہی ہیں: وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی پریس کانفرنس

0

اسلام آباد، 8 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیر امورکشمیر,گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا انجنیئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر کشمیر کونسل میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔خیبر پختونخوا میں روزانہ دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔

پی ٹی آئی 13 سال سے خیبر پختونخوا میں حکومت کر رہی ہے، لانگ مارچ میں حکومتی مشینری استعمال کی جاتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بنیادی مسئلہ گورننس کا ہے ، دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اہلکار شہادتیں دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو صوبے کے عوام کی کوئی فکر نہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت لانگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہے ،عوامی مسائل نظر انداز کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کی تباہی آج بھی متاثرہ خاندانوں کے سامنے تلخ یاد ہے، 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ پاکستان کی تاریخ کا بڑا سانحہ تھا جس  میں ہزاروں افراد جاں بحق، زخمی اور معذور ہوئے جبکہ لاکھوں مکانات تباہ ہوئے ، زلزلے سے آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔زلزلے کے بعد راستے بند تھے، مانسہرہ اور دیگر اضلاع میں تباہی اپنی انکھوں سے دیکھی۔ زلزلے میں متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پوری قوم نے بھرپور کردار ادا کیا ۔