اسلام آباد میں گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا آغاز، بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں کی مراقبہ مراکز اور جامعات میں گندھارا کارنرز کے قیام کی تجاویز

11

اسلام آباد، 18 نومبر(اے پی پی): ‘‘مشترکہ مستقبل کی جانب’’ کے موضوع کے تحت گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 کا آغاز بدھ کے روز وزارتِ خارجہ میں ہوا، جس میں آٹھ ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں، بین الاقوامی ماہرین، سفارت کاروں، ارکانِ پارلیمنٹ اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ مکالمے کا مقصد پاکستان کے گندھارا ورثے کے تحفظ، فروغ اور عالمی سطح پر اس کی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر غور کرنا ہے۔

یہ مکالمہ وزیراعظم کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے گندھارا کا اقدام ہے، جس کی سربراہی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کر رہے ہیں، جبکہ عمران شوکت اس کے کوآرڈینیٹر ہیں۔

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گندھارا خطے کی قدیم تاریخ کا ایک نہایت اہم اور ممتاز باب ہے، جو بدھ مت کی تعلیمات، فلسفے، فن اور ثقافت کا ایک عظیم مرکز رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس عظیم تاریخی ورثے کا امین ہونے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس کے تحفظ کو عالمی برادری اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مشترکہ ذمہ داری سمجھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت گندھارا سے تاریخی اور روحانی تعلق رکھنے والے ممالک کے ساتھ ثقافتی اور علمی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکالمہ  ‘‘گندھارا: بدھ مت کا گہوارہ ’’حکمتِ عملی پر عمل درآمد اور پاکستان کو بدھ مت کے تاریخی ورثے، علمی تحقیق اور ثقافتی روابط کے اہم مرکز کے طور پر متعارف کرانے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔

سیکرٹری خارجہ سفیر عاصم افتخار احمد نے بین الاقوامی مندوبین اور بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گندھارا پوری انسانیت کا مشترکہ ورثہ اور تہذیبوں کے درمیان ایک اہم پل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندھارا کی اصل میراث صرف آثارِ قدیمہ کے مقامات تک محدود نہیں بلکہ اس سے وابستہ تاریخی تعلقات، باہمی روابط اور امن کا پیغام بھی اس کا اہم حصہ ہیں۔

سیکرٹری خارجہ نے بدھ مت اور اسلام میں رحم دلی، برداشت، عدم تشدد، انصاف اور انسانیت کے احترام جیسی مشترکہ اقدار کو بین المذاہب ہم آہنگی کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔

انہوں نے ٹیکسلا، تختِ بھائی اور سوات کے تاریخی مراکز کا حوالہ دیتے ہوئے گندھارا ورثے کے تحفظ اور اسے دنیا بھر کی بدھ مت برادری اور زائرین کے لیے قابلِ رسائی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بدھ مت کے زائرین کے لیے منظم مذہبی سیاحتی پروگراموں، تاریخی مقامات تک بہتر رسائی، مشترکہ آثارِ قدیمہ کی تحقیق و تحفظ اور ماہرین، عجائب گھروں اور مذہبی برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم کی ٹاسک فورس کا وژن اور حکمتِ عملی پیش کرتے ہوئے عمران شوکت نے کہا کہ پاکستان کا بنیادی مؤقف یہ ہے کہ  گندھارا بدھ مت کے پیروکاروں کا ورثہ ہے، ہم محض اس کے امین اور محافظ ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گندھارا کو بدھ مت کی دنیا کے ایک مقدس مقام کے طور پر دوبارہ عالمی شناخت دلانا چاہتا ہے، جبکہ اس عمل میں مقامی آبادیوں کے لیے روزگار، مہمان نوازی، دستکاری، رہنمائی اور دیگر معاشی مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔

عمران شوکت نے اہم گندھارا مقامات کے قریب بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے مراقبے کے ہالز اور علمی مراکز کے قیام کی غرض سے زمین مختص کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے ٹیکسلا یا خیبر پختونخوا میں بدھ مت کے ورثے کے لیے ایک مخصوص زون کے قیام پر غور کرنے کی تجویز دی۔