ای سی او اجلاس کی موثر کوریج کیلئے میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح

10

 

اسلام آباد،14نومبر  (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے اجلاس کی موثر کوریج کے لیے میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر میں ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، مرکز میں تیز ترین انٹرنیٹ، خصوصی ڈیسک، جدید ڈیجیٹل سٹوڈیو اور پوڈ کاسٹ سٹوڈیو سمیت تمام ضروری سہولیات موجود ہیں۔ ہفتہ کو یہاں پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس کے سلسلے میں قائم میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ اس سینٹر کے قیام کا مقصد ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو اجلاس کی بروقت اور موثر کوریج کے لیے جدید سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی رہنمائی اور ہدایات کے مطابق اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر بھی میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے تھے۔ اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی ایک مکمل اور جدید ترین میڈیا سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے ای سی او اجلاس کی موثر کوریج کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔ انتظامیہ نے دن رات محنت کرکے اپنی بہترین کاوشیں عملی طور پر پیش کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز میں تیز ترین انٹرنیٹ، خصوصی ڈیسک، جدید ڈیجیٹل سٹوڈیو اور پوڈ کاسٹ سٹوڈیو کے علاوہ میڈیا بریفنگز کے لیے مخصوص کانفرنس رومز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ای سی او جیسے اہم پلیٹ فارم کے تحت منعقد ہونے والی کانفرنس کامیاب ہو اور میڈیا کے نمائندوں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری اور بہترین سہولیات میسر آئیں۔

قبل ازیں وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل کو میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر میں فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے صحافیوں کے لیے کیے گئے انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا اور مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔ پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں خصوصی کلچرل پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں پاکستانی ثقافت کے خوبصورت رنگ نمایاں کیے گئے ہیں۔