سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کی جانب سے ڈیرہ کھائی ہٹھاڑ میں وکلاء برادری کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ، قصور بار کے لیے 10 کروڑ روپے کا اعلان

6

قصور,15نومبر(اے پی پی) :سپیکر  پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کی جانب سے ڈیرہ کھائی ہٹھاڑ میں وکلاء برادری کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں،رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین پامرا ملک احمد سعید خاں سمیت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور کے وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پرسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے وکلاء برادری سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آزاد گروپ آف لائرز و امیدوار برائے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور ملک ریاض احمد خاں اور آزاد گروپ کے دیگر عہدیداران و امیدواروں کی بھرپور حمایت کی اپیل کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے قصور بار کے چیمبرز کی تعمیر، تزئین و آرائش اور بار کی بہتری کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ مذکورہ 10 کروڑ روپے کی خطیر رقم ملک رشید احمد خان، ملک احمد سعید خان اور ان کی مشترکہ کاوش سے فراہم کی گئی ہے۔ چیمبرز کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے اور وکلاء کو جدید، خوبصورت اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں۔  انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قصور بار کو پاکستان کی بہترین جدید بار ایسوسی ایشنز میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں وکلاء برادری کے درمیان اتحاد، اتفاق، باہمی احترام اور بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء معاشرے میں انصاف کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور آئین کی سربلندی کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں وکلاء برادری کا اتحاد، یکجہتی اور باہمی اعتماد ہی اس کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے الگ آئینی عدالت کے قیام، نئے صوبوں کی تشکیل، ہائی کورٹس کے مزید بینچز اور عوام تک وسائل کی مؤثر فراہمی کے لیے بااختیار ضلعی حکومتوں کے قیام جیسے معاملات قومی سطح پر زیرِ بحث ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی ریفرنڈم کی بات کرتا ہے تو کوئی آئینی طریقہ کار کی حمایت کرتا ہے۔ یہ تمام امور جمہوری مکالمے کا حصہ ہیں اور ان پر فیصلہ دلیل، مشاورت اور آئینی تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جمہوریت کا نام ہی بات چیت ہے، میری اپنی رائے ہو سکتی ہے اور آپ کی اپنی، لیکن آپ کی رائے کو احترام سے سننا میرا فرض ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے قصور بار کے وکلاء کو یقین دلایا کہ بار کی ترقی، چیمبرز کی تعمیر، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔