لاہور، 16 نومبر (اے پی پی): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی ملک بھر کے مستحق خاندانوں کی معاونت کا ایک اہم قومی فلاحی پروگرام ہے جو عوامی فلاح اور سماجی تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں مستحق خواتین کو سہل اور شفاف ادائیگیوں کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل موبائل والٹس اور انٹرآپریبلٹی پیمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے خواتین اپنی سہولت کے مطابق متعلقہ بینکوں کے مجاز ایجنٹس اور ریٹیلرز سے مالی معاونت حاصل کر سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نیا نظام خواتین کے لیے رقم کی وصولی کو مزید آسان بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ مستحق خواتین کو مفت سمز فراہم کی گئی ہیں جبکہ ان کے نام پر ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس بھی فعال کیے گئے ہیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ پروگرام میں رجسٹریشن، سروے اور دیگر تمام متعلقہ خدمات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ ڈائنامک رجسٹری کے ذریعے مستحق خاندانوں کے کوائف اپ ڈیٹ کیے جاتے ہیں تاکہ مالی معاونت کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
بعد ازاں سینیٹر روبینہ خالد نے مستفید خواتین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خواتین کو پروگرام کے تحت خدمات کی فراہمی میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے سول سوسائٹی کی نمائندہ خواتین اور ڈاکٹرز سے بھی ملاقات کی اور انہیں بینظیر نشوونما پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے لاہور ڈویژن کے افسران اور عملے سے ملاقات کے دوران ہدایت کی کہ مستفید خواتین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور انہیں بروقت، مؤثر اور بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔











